• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

190ملین پاؤنڈ کیس: 1 ہفتے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

اڈیالہ جیل---فائل فوٹو
اڈیالہ جیل---فائل فوٹو 

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران وکلائے صفائی کو کل ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس پر سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

وکلاء صفائی کی جانب سے عدالت میں 2 متفرق درخواستیں دائر کی گئیں۔

پہلی درخواست بانیٔ پی ٹی آئی کی بریت درخواست مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ فراہم کرنے سے متعلق دائر کی گئی۔

دوسری درخواست میں وکلائے صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ بریت کی درخواست کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے لیے مناسب وقت تک کیس ملتوی کیا جائے۔

عدالت نے تحریری فیصلہ فراہم کرنے کی درخواست منظور اور ایک ہفتے تک کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

سماعت کے دوران آخری گواہ پر آج بھی جرح نہ ہو سکی۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے حکم امتناع آنے تک عدالتی کارروائی کو روکا نہیں جاسکتا۔

عدالت نے وکلاء صفائی کو کل ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

قومی خبریں سے مزید