پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ وینا ملک نے مفتی قوی کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
وینا ملک نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے مفتی قوی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مفتی قوی کو کوئی حق نہیں کہ وہ میرے کام کے بارے میں ٹیلی ویژن پر کھلے عام تنقید کریں اور میرے پاس آزادی ہے کہ اپنی مرضی سے جو بھی کرنا چاہوں کر سکتی ہوں۔
اُنہوں نے قرآن پاک کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان نسل کو ذاتی ترقی اور روحانی آزادی کے لیے قرآن کی آیات کو پڑھنے اور سمجھنے کی ترغیب دی۔
اداکارہ نے اپنے مذہبی سفر پر سوال اٹھانے والے ناقدین سے سوال کیا کہ یہ کہاں لکھا ہے کہ اسکرٹ پہننے کے بعد اللّٰہ سے معافی نہیں مانگی جا سکتی؟
اُنہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننے کا فیصلہ اپنے اندر ہونے والی روحانی تبدیلی کی بنیاد پر کیا تھا۔
وینا ملک نے مزید کہا کہ میں دل سے ابھی بھی ویسی ہی انسان ہوں جیسی پہلے تھی۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے اس سے قبل حافظ احمد کی پوڈ کاسٹ میں مفتی قوی کے ساتھ ماضی میں ہونے والے تنازع کے بارے میں بات کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ مفتی قوی تمام اداکاراؤں پر خفیہ طور پر نظر رکھتے ہیں، ان کے سب ڈرامے بھی دیکھتے ہیں اور ایک بار مفتی قوی نے مجھ سے کہا کہ آپ کا تو حسن و جمال بھی ہے تو یہ جملہ سن کر میں نے ان سے پوچھا کہ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ میرا حسن و جمال بھی ہے؟ میرے اس سوال پر وہ بھڑک گئے۔
یاد رہے کہ مفتی قوی نے ماضی میں ایک مرتبہ اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وینا ملک اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر اپنا بگ باس جیسا شو دیکھ سکتی ہیں؟
جس پر اداکارہ نے یہ جواب دیا تھا کہ میرے بچے میرے کام سے باخوبی واقف ہیں اور وہ میرے ساتھ سب کچھ دیکھ سکتے ہیں۔