پاکستان شوبز انڈسٹری کی ہر دلعزیز فنکار جوڑی اداکارہ حبا بخاری اور اداکار آریز احمد نے متوقع بچے کی پیدائش اور اداکارہ کے حمل سے گردشی خبروں پر ردعمل ظاہر کر دیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں انڈسٹری کی مقبول اداکارہ نادیہ خان کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جب انہوں نے حبا بخاری اور آریز احمد کو آن ایئر متوقع بچے کی پیدائش کی مبارک باد دی تھی۔
بعدازاں نادیہ خان نے اس حوالے سے مزید وضاحت پیش کی تھی کہ انہیں آریز احمد نے خود ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بتایا تھا کہ اہلیہ امید سے ہیں اور بہت جلد ان کے ہاں پہلے بچے کی آمد متوقع ہے اور انہیں یہ نہیں معلوم تھا کہ آریز احمد اس بات کو اپنے مداحوں سے خفیہ رکھ رہے ہیں۔
تاہم اب اس فنکار جوڑی نے ان گردشی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر اپنے انداز میں ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اس فنکار جوڑی نے اپنے یوٹیوب چینل پر وی لاگ شیئر کیا ہے اور ایسی خبروں کو صرف چند لائکس اور ویوز حاصل کرنے کا سستا طریقہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی تصاویر اور باتوں کو توڑ موڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر صرف چند ویوز اور لائکس کے لیے پیش کیا جاتا ہے، اس بات سے قطع نظر کے جس کے بارے میں بات کی جا رہی ہے اس سے ان پر اور ان کے اہل خانہ پر کیا گزر رہی ہے۔
آریز احمد کے مطابق اگر یوٹیوب کی تمام خبروں پر یقین کیا جائے تو ہمارے 6 سے 7 بچے پہلے ہی موجود ہیں، جبکہ حبا بخاری کا کہنا ہے کہ ایسی گردشی خبروں کی کئی بار تردید کرنے کے باوجود بھی لوگ بعض نہیں آتے جس کے سبب خوف آتا ہے کہ کب کس کا ردعمل کس طرح سامنے آئے گا۔
اداکارہ نے عوام کی اخلاقیات پر سوال اُٹھاتے ہوئے مزید کہا کہ وہ کسی کے ساتھ ایسا کیوں کرتے ہیں، یہ افواہیں تکلیف دہ ہیں اور ان کو پھیلانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ ہم حقیقی لوگ ہیں جو ان خبروں اور بیانات سے متاثر ہوتے ہیں۔