کراچی میں پولیس یونیفارم میں ملبوس ملزمان کی جانب سے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی واردات سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن سے شہری کو اغوا کر کے 5 لاکھ روپے تاوان وصول کیا گیا۔
اس حوالے سے زیر گردش سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی وردی میں ملبوس 15 ستمبر کی شب کار اور موٹر سائیکلوں پر سوار افراد نے ہوٹل سے اغواء کیا۔
متاثرہ شہری ندیم کے ساتھ پیش آئے واقعہ کا مقدمہ تھانہ کورنگی صنعتی ایریا میں درج کرلیا گیا۔
متاثرہ شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ اغوا کرتے ہی آنکھوں پر پٹی باندھ دی گئی، ملزمان گاڑی میں گھماتے رہے، پہلے 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔
رقم نہ دینے پر اسے اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی، رقم لینے کے لیے اہل خانہ کو ناتھا خان پل کے قریب پیٹرول پمپ پر بلوایا گیا۔ 5 لاکھ روپے کی رقم وصول کرنے کے بعد کچھ فاصلے پر لے جا کر رہا کردیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی توحید الرحمان کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔