بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ حکومت نے آئینی ترمیم لانی ہی لانی ہے، یہ اپنے نمبرز پورے کر رہے ہیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
اس موقع پر صحافی نے سوال پوچھا کہ آئینی ترمیم کا معاملہ تو ریورس ہو گیا ہے، جس پر بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اپنے نمبرز پورے کر کے یہ ترمیم لائے گی۔
بانیٔ پی ٹی آئی سے صحافی نے سوال پوچھا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن کے کردار کو کیسے دیکھتے ہیں؟
بانیٔ پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ کچھ کہہ نہیں سکتے۔
صحافی نے دوبارہ پوچھا کہ کیا آپ مولانا صاحب کے بارے میں کلیئر نہیں ہیں؟
بانیٔ پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ مولانا اگر جمہوریت کے لیے ساتھ کھڑے ہیں تو اچھی بات ہے، جمہوریت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان لوگوں کو ڈر ہے کہ نیا چیف جسٹس آیا تو 9 مئی کی تحقیقات کرائے گا، نئے چیف جسٹس کے سامنے جب 9 مئی کی پٹیشن لگے گی تو اصلیت سامنے آ جائے گی۔