• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی وفد نے مختلف ٹاسک، پلان دے دیے

چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی انسپکشن ٹیم کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا۔

آخری مرحلے میں آئی سی سی وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مختلف شعبوں کےسربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور تمام شعبوں کو مختلف ٹاسک اور پلان دے دیے۔

آئی سی سی کے 5 رکنی وفد نے اپنے دورے کے آخری روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں اور وینیو کا جائزہ لیا۔

اس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور آئی سی سی انسپکشن ٹیم کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تفصیلی میٹنگ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق انسپکشن ٹیم نے بورڈ کے مختلف شعبوں کے سربراہان کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

آئی سی سی وفد نے تمام شعبوں کو مختلف ٹاسک دیے اور پلان تیار کیا، آئی سی سی انسپکشن ٹیم مقررہ وقت تک تمام ٹاسک مکمل ہونے کے لئے پرامید ہے اور انہوں نے کسی حوالے سے فکر مندی کا اظہار نہیں کیا۔

پی سی بی حکام کی جانب سے انسپکشن ٹیم کو پریکٹس وینیوز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں پریکٹس وینیو ایل سی سی اے گراؤنڈ کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس جبکہ راولپنڈی وینیو کے لئے پریکٹس وینیو اسلام آباد کلب ہو گا۔

اس سے پہلے آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے کراچی راولپنڈی اور اسلام آباد میں انتظامات کا جائزہ لیا۔

قومی خبریں سے مزید