کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی وفد کی جانب سے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں کے بارے میں مثبت رپورٹ کے بعد بھارتی کر کٹ حکام بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئے اور ابان کے لئے پاکستان نہ جانے کا بہانہ دم توڑ تا دکھائی دے رہا ہے۔پاکستان کے لئے میزبانی کی راہ میں تمام رکاوٹوں کی دوری کے بعد بھارتی میڈیا نے آئی سی سی وفد کی رپورٹ کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا شروع کردیااور کہا ہے کہ وفد کے ارکان نے تیاریوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے اور تاحال کوئی مثبت رپورٹ نہیں دی تاہم پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وفد کے ارکان نے پاکستان میں سیکورٹی سمیت اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے تاحال اپنی ٹیم بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا شیڈول تاخیر کا شکار ہے۔واضح رہے کہ چیمپئینز ٹرافی اگلے برس فروری اور مارچ میں شیڈول ہے جس میں ٹاپ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔