• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں نجی ایئرلائن کے طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ، مسافروں کو باہر نکال لیا گیا


لاہور میں نجی ایئرلائن کے جہاز نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور پہنچنے والی نجی ایئرلائن نے ایمرجنسی لینڈنگ کی، جہاز کے تمام دروازے کھول کر مسافروں کو سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا۔

ذرائع کے مطابق جہاز میں 171 مسافر سوار تھے، دھواں اٹھنے کے حوالے سے ٹیکنیکل ٹیم جہاز کا معائنہ کررہی ہے، جہاز کی لینڈنگ سے قبل فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کو بھی طلب کرلیا گیا تھا۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی لینڈنگ سے قبل جہاز کی کارگو سائیڈ سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا تھا، مسافروں کو جہاز کے اندر سے کوئی سامان بھی اٹھانے نہیں دیا گیا۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ جہاز کی لیڈنگ سے کچھ دیر قبل جہاز کا عملہ بھی دباؤ میں دکھائی دیا، عملہ جہاز کی لینڈ نگ سے ایئر پریشر بھی چیک کرتا رہا، ایمرجنسی لیڈنگ سے قبل سیٹ نمبر 3 کے قریب اندر اور باہر سے دھواں اٹھتا محسوس ہوا۔

ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز کا کپتان غیر ملکی تھا جس نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

فلائی جناح کے ترجمان نے 23 ستمبر 2024ء کو کراچی سے لاہور جانے والی پرواز 9P846 پر اسموک الارم بجنے کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ پرواز کے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل کارگو ڈپارٹمنٹ میں دھویں کی نشاندہی کرنے والے اسموک الارم بجنے کا واقعہ پیش آیا جس پر جہاز پر موجود عملے نے بین الاقوامی حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور ایئر پورٹ کے حکام کو فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع دی اور پرواز کو بحفاظت لاہور ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔

فلائی جناح کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری تکنیکی ٹیم الارم بجنے کی وجوہات جاننے کے لیے طیارے کے کارگو ڈپارٹمنٹ کا تفصیلی معائنہ کر رہی ہے، ہم مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے لیے اپنے مسافروں اور فضائی عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔

قومی خبریں سے مزید