کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی میں برانز میڈل جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اس ایونٹ کاڈیلی الاؤنس نہیں مل سکاجس سے کھلاڑیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، کھلاڑیوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں چین میں لگائے گئےکیمپ کے بھی25 دن کے ڈیلی الاؤنس نہیں ملے۔ پاکستان ہاکی ٹیم چین کے دورے پر 24 اگست کو روانہ ہوئی تھی اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل وہاں پریکٹس میچز کھیلے تھے، روانگی سے قبل ملک میں لگائے گئے کیمپ کے بھی الاؤنس نہیں ملے ہیں۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پی ایس بی سے ایونٹ کے لئے ملنے والے فنڈ سے ٹکٹوں کی ادائیگی کی۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں گزر بسر مشکل ہے، ڈیلی الاؤنس نہ ملنے سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں، حکومت سے اپیل ہے کہ ڈیلی الاؤنس ہمارا حق ہے وہ تو دلایا جائے۔