کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی خواتین ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے لئے دبئی میں اپنی تیاری کا آغاز کردیا، ٹیم نے بدھ کو آئی سی سی اکیڈمی اوول دومیں شدید گرمی میں سخت پریکٹس کی جو 3 گھنٹے جاری رہی ۔ کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی، ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کھلاڑیوں کی کوچنگ کی اور ٹپس دیں ، فاسٹ بولنگ کوچ جیند خان، اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمن اور فیلڈنگ کوچ حنیف ملک نے پریکٹس کرائی، ٹرینر محمد عمران نے کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کرا ئی ۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور امید ہے کہ ہر میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔ کھلاڑیوں کا جذبہ اور فائٹنگ ا سپرٹ دیکھ کر خوشی ہوئی، پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم بدھ کوبھی پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔