گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبۂ پنجاب میں ڈینگی کے 82 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمۂ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق رواں سال اب تک ڈینگی کے 1 ہزار 245 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 69، لاہور سے 4 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسی طرح چکوال سے 2، گوجرانوالہ، فیصل آباد، میانوالی، ساہیوال اور سرگودھا سے ڈینگی کا 1، 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ عوام ڈینگی کے معاملے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر انسدادِ ڈینگی مہم جاری ہے، گزشتہ سال کی نسبت ڈینگی کے کیسز کی شرح بہت کم ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے محکمۂ صحت کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ڈینگی مچھر کا لاروا ڈیٹیکٹ ہو رہا ہے، جسے کلینیکل طریقوں سے تلف بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی نسبت ٹیمز کم ہیں لیکن ڈینگی پر کام تیزی سے ہو رہا ہے۔