وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہے کہ میری کابینہ میں 95 فیصد نوجوان ہیں، تمام نوجوانوں کے سامنے اقرار کرتی ہوں، ایک بھی نوکری سفارش پر نہیں ملی، 100 فیصد میرٹ پر نوکریاں دی گئی ہیں، حلفاً اقرار کرتی ہوں کہ ایک بھی نوکری میرٹ کے خلاف نہیں دی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں خطاب کے دوران کہا کہ آج کسان پیکیج پر عمل درآمد کا اعلان کر رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی ایگریکلچر پیکیج نہیں بنا، 50 ہزار سے کسانوں نے کارڈ وصول بھی کر لیے ہیں، 15 اکتوبر کو کسان کارڈ کی ایکٹویشن بھی ہوجائے گی۔
انہوں نے ملکی سیاسیت پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیاست کو بدنام کیا ہوا ہے، اچھی سیاست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا، نوجوانوں کے نعرے لگانے والے بہت آئے بہت دیکھے آپ نے، 6 سال میں ایک نوجوان کو میرٹ پر نوکری ملی؟
مریم نواز نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں گالم گلوچ ہو، جلاؤ گھیراؤ، گالی نکالنا آسان کام ہے، کیا ایسا پاکستان چاہتے ہو جس میں چور ڈاکو کے جھوٹے الزامات ہوں، جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈگری لے کر باہر نکلتے ہو تو طعنے سننا پڑتے ہیں کہ آپ روٹی توڑ رہے ہو، آپ ڈگری لے کر جاتے ہو، نوکری نہیں ملتی، مجھے احساس ہے، پنجاب میں نوکری دیتے وقت کسی نے پوچھا کہ وہ کونسی پارٹی کا ہے تو مجھے بتاؤ؟
انہوں نے کہا کہ جس اسپتال میں جاتی ہوں خیبر پختون خوا کے مریض ملتے ہیں، ہارٹ سرجری پروگرام شروع کیا، 100 سے زائد بچوں کی ہارٹ سرجری کر چکے، ہارٹ سرجری میں زیادہ تر خیبر پختون خوا کے بچے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ خدا کے لیے سوچیں، کروڑوں نوجوانوں کا سوال ہے، میرے خلاف نعرہ لگا دیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، میرا ایک ایک لمحہ آپ کی خدمت کے لیے ہے، کاش میرے ہاتھ میں جادو کی چھڑی ہوتی تو آپ کے مسائل یوں حل کر دیتی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر روز میں بے چینی میں گزارتی ہوں کہ آپ کے لیے کچھ کر جاؤں، ہمیں 5 ہزار سے زائد درخواستیں ملیں، ایک ہزار نوکریاں تھیں، بہت خوشی کی بات ہے ان میں 25 فیصد لڑکیاں ہیں۔
مریم نواز نے پنجاب کے کسان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کسان کے ساتھ میرا رابطہ آپ نوجوان ہیں، مجھے اپنی ذمے داری کا احساس ہے، گندم کی خریداری میں بڑی کرپشن ہے، کسان کو اس کی گندم کی قیمت کبھی نہیں ملتی، آڑھتی ادھار پر کسان سے گندم اٹھاتا ہے، پھر بھی اسے وہ معاوضہ نہیں ملتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم چھوٹے کسانوں کو بغیر سود ڈیڑھ لاکھ روپے کا قرضہ دینے جا رہے ہیں، میں آڑھتیوں سے بلیک میل نہیں ہوں گی، مجھے کسان کارڈ کے لیے پنجاب بھر سے 10 لاکھ درخواستیں آئی ہیں، ساڑھے 3 لاکھ کسانوں کو شاٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔