• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب اللّٰہ کا تل ابیب پر پہلا میزائل حملہ، موساد ہیڈکوارٹر نشانہ

کولاج فوٹو اسکرین گریب
کولاج فوٹو اسکرین گریب

لبنان سے حزب اللّٰہ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر پہلا میزائل حملہ کردیا، حملے میں موساد ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

تاہم اسرائیل نے دفاعی نظام سے میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔

لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللّٰہ نے پہلی بار ’قادر 1‘ بیلسٹک میزائل داغا، جس نے تل ابیب میں اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ تل ابیب میں ایک لاکھ صہیونی سائرن بجنے کے چند ہی منٹوں میں پناہ گاہوں میں چلے گئے، تل ابیب کے شمال میں موجود دیگر علاقوں میں بھی سائرن بجائے گئے۔

فلسطینی شہاب نیوز ایجنسی نے تفصیل بیان کی کہ حزب اللّٰہ نے تل ابیب کی طرف قادر 1 میزائل داغا تھا، یہ میزائل ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل سمجھا جاتا ہے، جو 15.5 سے 16.58 میٹر لمبا ہے جبکہ اسکا قطر 1.25 میٹر ہے۔

قادر 1 کا وزن 15 سے 17.5 ٹن تک ہوتا ہے اور اس کا وار ہیڈ 700 سے 1,000 کلو گرام وزنی ہوتا ہے، جس کی رینج 1,350 کلومیٹر سے 1,950 کلومیٹر تک ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے لبنان پر تازہ حملے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز 250 لڑاکا طیاروں نے 2 ہزار سے زائد بم برسائے۔

لبنان میں جاں بحق افراد کی تعداد 596 ہوگئی ہے، 1800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

بیروت پر حملے میں حزب اللّٰہ کے اہم کمانڈر ابراہیم قبیسی شہید ہوگئے۔

لبنان میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کردیے گئے۔

امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کو فوری لبنان چھوڑنے کی ہدایت کردی۔

لبنان سے برطانوی شہریوں کو نکالنے کےلیے 700 فوجی قبرص میں تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ لبنان اسرائیل جنگ پر سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید