وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کا پیسہ پنجاب پر یلغار کے لیے خرچ ہو رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے وزیرِاعلیٰ کو صوبے کی کوئی فکر نہیں، راولپنڈی میں تماشہ لگانے کی اجازت نہیں، دفعہ 144 نافذ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ یہ شرپسندی کی آڑ میں کیا کرنا چاہتے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے، ہمارے پاس تمام رپورٹس موجود ہیں، یہ لوگ فساد کرنا چاہتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا کوئی سیاسی جماعت اسلحہ لے کر بھی جلسے کرتی ہے؟ پرویز خٹک صاحب بھی اسلام آباد پر یلغار کرنے آئے تھے، اُس وقت کے وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کو اٹک کا پُل پار نہیں کرنے دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گنڈاپور کو جلسے میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی اس لیے اٹک کا پُل کراس کر گئے، حیرت عدالتوں پر ہوتی ہے جو انہیں احتجاج کا حق دینے کا کہتی ہیں۔