وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان کے نو منتخب وزیراعظم شیگیرو ایشیبا کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے نو منتخب وزیراعظم جاپان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے وزیراعظم کے طور پر انکے انتخاب پر وہ انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جن میں گزشتہ برسوں کے دوران مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا وہ جاپان کے ساتھ بہترین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے لیے وزیراعظم جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
دریں اثناہ جاپانی حکمراں پارٹی کے رہنما شیگیرو ایشیبا کو منگل کو پارلیمنٹ میں وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا، شیگیرو ایشیبا، گزشتہ ہفتے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
ایوان زیریں اور ایوان بالا دونوں نے ان کی توثیق کی تھی، جاپان کے طاقتور ایوان زیریں میں شیگیرو ایشیبا نے ڈالے گئے 461 ووٹوں میں سے 291 اور ایوان بالا میں 242 میں سے 143 ووٹ حاصل کیے۔