پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیے جارہے ہیں۔ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی، ایرانی کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن ایران کی فضائی حدود کے 2 کوریڈور استعمال کرتی ہے، ناردرن کوریڈور کینیڈا اور ترکی جانےوالی پروازیں استعمال کرتی ہیں۔
ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق سدرن کوریڈور یو اے ای، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کو نئی ہدایات جاری
دوسری جانب پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کو نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع سی اے اے کے مطابق ایران، افغانستان اور اطراف سے آنے والی تمام پروازوں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
اے ٹی سی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کے قریب ہونے والی ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے۔