• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز، 8 پاکستانی کرکٹرز دوسرے فٹنس ٹیسٹ میں بھی فیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ناکامی کے بعد قومی کر کٹ ٹیم کا ایک اور مشکل امتحان انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والا ہے، لیکن اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے 12 میں 8 کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ دوبارہ لیا گیا اور تمام ہی ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق 8 کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دوبارہ لیا گیا ۔ ان میں سعود شکیل، محمد رضوان، امام الحق، میر حمزہ، نعمان علی سمیت دیگر کھلاڑی شامل تھے۔ کھلاڑی 80 فیصد کا ہدف عبور کرنے میں ناکام رہے، کھلاڑی دو کلومیٹر رننگ کا فاصلہ آٹھ منٹ تک مکمل نہ کرسکے۔ سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ بھی کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے ، چیمپئنز کپ کا فائنل کھیلنے والے چار سے پانچ کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ رواں ہفتے میں لئے جانے کا امکان ہے، چیمپئنز کپ کا فائنل کھیلنے والے چار سے پانچ کھلاڑیوں کو چند دنو ں کا آرام دیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ میچ کے لئے منگل کی رات ملتان پہنچ گئی۔ بدھ سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔پی سی بی نے ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کا اعلان کر دیا۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ اظہر محمود اسسٹنٹ کوچ ، ٹم نیلسن ہائی پرفارمنس کوچ ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ ڈرائیکس سائمن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ، طلحہ بٹ ٹیم کے اینالسٹ ، عثمان انوری سیکیورٹی منیجر ، سید نعیم احمد میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر، محمد شاہد اقبال مساجر ہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر جبکہ دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ملتان میں ٹیموں کی سکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔اسٹیڈیم کی صفائی ستھرائی کا کام مکمل کرلیا گیا، شہر بھر میں خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید