خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ڈی چوک پہنچیں گے، محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا ڈی چوک پر ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج ختم ہوگا۔
انھوں نے کہا وزیر داخلہ غلط بات کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا مزید کہنا تھا کہ پر امن احتجاج ہمارے مفاد میں ہے، اگر کچھ ہوگا تو یہ لوگ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے، ہمارا ان سے جھگڑا نہیں، انکا احترام کرتے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہم ڈی چوک میں احتجاج کریں گے جو ہمارا حق ہے، فوج تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لیے نہیں آ رہی، ایس سی او کی سیکیورٹی کے لیے آ رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کو ہے۔ محسن نقوی غلط بات کر رہے ہیں، ہمیں ملک کی پرواہ ہے، آرٹیکل 17 اور 15 موجود ہے تو ہمیں احتجاج کی آزادی ہے۔