• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کارکن ڈی چوک پہنچ گئے، منتشر کرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ



اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن ڈی چوک پہنچ گئے، جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔

بارش کی وجہ سے پولیس کی جانب سے کی گئی شیلنگ کا اثر کم ہوگیا۔

 اس سے پہلے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور  کا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر پہنچ گئے ہیں، اپنا احتجاج ریکارڈ کر لیا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں پر شدید فائرنگ شروع کر دی گئی تھی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ  یہ پی ٹی آئی پر الزام لگاتے ہیں مگر ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم پرامن جماعت ہیں، اب بانی پی ٹی آئی سے بات کریں گے کہ ہمارا اگلا لائحہ عمل کیا ہو۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں احتجاج کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

لاہور کے داخلی راستے اور مینار پاکستان کی طرف جانے والی سڑکیں کنٹینرز کھڑے کرکے بند کر دی گئیں، پولیس نے 9 مئی کے واقعات میں مطلوب شر پسند عناصر کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی بھی ترتیب دے دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر مینار پاکستان احتجاج میں بھی انتشار پھیلا سکتے ہیں، شہر میں قیام امن کیلئے 12ہزار سے زائد افسران اور جوان احتجاج اور توڑ پھوڑ روکنے کیلئے تعینات کیے گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید