وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، جو اندیشے تھے وہ دور ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ مہنگائی کم ہونا شروع ہوگئی، معیشت مستحکم ہورہی ہے، ہماری ترقی کی شرح، فچ ریٹنگ اور ریزرو سب مثبت جانب گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انویسٹمنٹ آرہی ہے، ابھی ملائیشیا کے وزیراعظم کاروباری وفد لے کر آئے، اب سعودی انویسٹمنٹ منسٹر ایک بڑے وفد کے ساتھ آرہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس شروع ہوگی، وسطی ایشیا سے ایک کاروباری وفد آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے جو سعودی انویسٹمنٹ وفد آیا یہ اب اس کا تسلسل ہے، پاک سعودی پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر میں انویسٹمنٹ آگے بڑھ رہی ہے۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب سے 130 لوگوں کا وفد آرہا ہے، سعودی پرائیویٹ سکیٹر کا اتنا بڑا وفد کبھی پہلے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وفد میں 50 سے زیادہ کمپنیاں، 80 سے زیادہ بزنس مین ہیں، سعودی وفد کی مکمل سہولت کاری کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی وزراء بھی بات کریں گے اور اس انویسٹمنٹ کا فریم ورک آپ کے سامنے رکھیں گے، پاکستان اور سعودی عرب 2030 وژن پر ساتھ کام کر رہے ہیں۔