مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا پاکستان اور عوام کو ریلیف ملنے کی رفتار بڑھنا خوش آئند اور نیک فال ہے۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا میثاقِ جمہوریت سے ملک میں جمہوریت کو استحکام ملا، تمام جمہوری قوتوں کو مل کر پارلیمنٹ کے ذریعے عدل کا نظام وضع کرنا ہے، تاکہ کوئی بھی جمہوری نظام کو جب چاہے پٹری سے نہ اتار سکے۔
انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے نتیجے میں دھرنے، انتشار خلفشار اور یلغار کی سیاست کرنے والی غیرجمہوری قوتوں کا تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر مقابلہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ نواز شریف کے سیاسی کیپیٹل، وژن، سوچ اور تجربے کی بہت قدر کرتے ہیں، ملک اور قوم کو آپ کے سیاسی تجربے، سوچ اور پولیٹیکل وژن کی ضرورت ہے۔
نواز شریف سے ملاقات کے دوران پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، نوید قمر، رضا ربانی، جمیل سومرو، شیری رحمان اور مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ احسن اقبال، عرفان صدیقی، پرویز رشید، رانا ثناءاللّٰہ، مریم اورنگزیب، مرتضیٰ عباسی و دیگر موجود تھے۔