کراچی ایئرپورٹ اولڈ ٹرمینل سے دو چینی باشندوں کی میتیں چین بھیج دی گئیں۔
میتیں چین بھیجنے کے موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ ایئرپورٹ پر موجود رہے، دو چینی باشندوں کی وفات پرایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
علاوہ ازیں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سی پیک، نان سی پیک منصوبوں پر مصروف چینی شہریوں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حالات کے پیش نظر چینی شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔
ادھر کراچی کے جناح ایئرپورٹ کے قریب چینی کانوائے پر ہونے والے دھماکے کی تفتیش جاری ہے ،چینی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
سیکیورٹی اداروں کی جانب سے چینی ماہرین کو حملے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
دورہ کرنے والے وفد میں چینی سیکیورٹی افسران اور ماہرین شامل تھے، ماہرین نے دھماکے سے متاثرہ گاڑیوں اور اطراف کا معائنہ بھی کیا جبکہ دھماکے کی جگہ سے ملنے والے شواہد کا بھی جائزہ لیا۔