وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے اختیار مانگا ہے، پشتونوں کا مقدمہ میں لڑوں گا۔
پشاور میں علی امین گنڈاپور اور منظور پشتین کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کی روایات پر حملہ کیا جو قابلِ مذمت ہے، قبائل نے پاکستان میں امن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرگہ اپنے طے شدہ مقام پر ہو گا جس میں مسائل پر مشاورت ہو گی، امن ہمارا بڑا مطالبہ ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ پشتون روایات کے مطابق جرگہ ہو رہا تھا، امن کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، جانی نقصان کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کو بتایا کہ جرگہ کروں گا، آج جرگہ ہو گا، میں اس جرگے کا میزبان ہوں، بڑے مقصد کے لیے چھوٹی باتوں کو درگزر کرنا پڑتا ہے۔