پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی سے احتجاج نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر بھی ایس سی او اجلاس کے موقع پر احتجاج کی مخالفت موجود ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی سمیت کئی رہنماؤں کا موقف ہے کہ اس احتجاج سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی نے اپنے اجلاس میں ڈی چوک پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج پوری طاقت سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔
سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد پر یلغار روکنے کیلئے ریاست کی پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کسی قیمت پر پاکستان کی عزت کے خلاف اقدامات کی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی دوبارہ 9 مئی کرنا چاہتی ہے بار بار خیبر پختونخوا سے یلغار ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو ہوگا۔