بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے نام سے ممبئی کے علاقے لوکھنڈوالا میں چوک کا افتتاح کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چوک کی افتتاحی تقریب میں سری دیوی کے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کپور کے علاوہ شبانہ اعظمی نے بھی شرکت کی۔ تاہم جھانوی کپور اس موقع پر موجود نہیں تھیں۔
یہ چوک سری دیوی کی رہائش گاہ گرین ایکڑ ٹاور کے قریب جنکش پر واقع ہے، 2018ء میں موت سے پہلے بالی ووڈ اداکارہ یہیں قیام کرتی تھیں۔
سری دیوی 24 فروری 2018ء کو دبئی میں ایک ہوٹل کے کمرے کے باتھ ٹب میں مردہ پائی گئی تھیں، جہاں وہ فیملی شادی کے سلسلے میں موجود تھیں اور حادثاتی طور پر ڈوب گئی تھیں۔