• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی میں ایس سی او کانفرنس کے موقع پر احتجاج کرنے پر پھوٹ پڑگئی



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے موقع پر احتجاج کرنے پر پھوٹ پڑگئی، پارٹی سینئر لیڈر شپ نے بین الاقوامی کانفرنس کے دوران اسلام آباد میں احتجاج پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

جنگ اور دی نیوز کے ایڈيٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی خبر کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی کانفرنس کے موقع پر احتجاج کے مخالف نظر آئے۔ ان کے علاوہ بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، حامد خان، علی محمد خان اور رؤف حسن بھی 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے مخالف ہیں۔

خبر کے مطابق سیاسی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ جس میں 15 اکتوبر کا احتجاج منسوخ کرنے پر غور کیا جائے گا۔

 احتجاج کے مخالف رہنماؤں کا موقف ہے کہ 17 اکتوبر کے بعد تو احتجاج کی اجازت مل ہی جائے گی، پارٹی میں فیصلہ سازی پر بانی پی ٹی آئی سے سینئر لیڈر شپ کو ویٹو پاور دینے کی بات بھی ہونے لگی ہے۔

 دوسری طرف پارٹی میں شہباز گل، حماد اظہر، خالد خورشید اور حافظ فرحت گروپ 15 اکتوبر کو ہی احتجاج پر بضد ہیں۔ عمر ایوب پہلے احتجاج کے مخالف تھے، بعد میں حامی ہوگئے۔

قومی خبریں سے مزید