سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے کوئلے کے بلند استعمال سے ٹیکس فراڈ کا نتیجہ اخذ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کو خط لکھ دیا اور کہا کہ سیمنٹ سیکٹر ملک کا بڑا ٹیکس ادا کرنے والا شعبہ ہے۔
خط کے ذریعے ایسوسی ایشن نے سیمنٹ انڈسٹری پر لگائے گئے الزامات کی وضاحت اور مذاکرات کی سفارش کی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ کوئلے کے بلند استعمال سے ٹیکس فراڈ کا نتیجہ اخذ کرنے پر تشویش ہے، ایف بی آر نے پلانٹ، محل و قوع، پاور جنریشن کو مد نظر نہیں رکھا۔
سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے طلب، کوئلے کی کوالٹی اور مرمت کو بھی مدنظر نہیں رکھا، حقیقت آشنا ہونے کے لیے مذاکرات کی ضرورت ہے۔
خط میں کہا گیا کہ سیمنٹ سیکٹر ملک کا بڑا ٹیکس ادا کرنے والا شعبہ ہے، ہماری کمپنیوں کی اکثریت اسٹاک ایکسچینج پر لسٹڈ ہیں، ہم تمام ٹیکس قوانین پر شفافیت سےعمل کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔