کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ فیصل کالونی سے باپ اور بیٹے کو سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار افراد نے اغوا کرلیا ، باپ کو لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر اتارا اور بیٹے کو رازق آبادمیں اتارااور گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا ۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی حدود رزاق آباد دھانی پرتھو گوٹھ کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جس کی شناخت 27 سالہ مصامیر عارف صدیقی کے نام سے ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اور اسکے والد کو شاہ فیصل ملیر ندی پل کے مقام سے سرکاری ایس پی نمبر پلیٹ والی کار سوار مسلح ملزمان نے اغوا کیا۔زخمی نوجوان نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا ہے کہ اغواکار اس سے اس کے والد سے اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھتے رہے۔اغواکاروں نے زخمی شخص کے والد کو لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے مقام پر اتار دیا جبکہ زخمی کو رزاق آباد کے قریب گاڑی سے اتار کر اس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان پولیس نمبر پلیٹ کی سفید کار میں سوار تھے جو کہ خود کو سی ٹی ڈی اہلکار ظاہر کررہے تھے۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل شروع کردیا ہے ۔پولیس کے مطابق زخمی نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہے۔نوجوان کا کہنا ہے کہ لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر 15 پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی لیکن سوا گھنٹے تک اس کے والد 15 کا انتظار کرتے رہے لیکن 15 کی موبائل نہیں آئی۔