کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی، ریڑھی گوٹھ کے قریب واٹر کارپوریشن نے رینجرز کی مدد سے اربوں روپے مالیت کے پانی کی بڑی چوری پکڑلی، طاقت ور مافیا نے آر او پلانٹ کی آڑ میں بڑے پیمانے پر پانی چوری کا نیٹ ورک قائم کیا ہوا تھا، جہاں سے روزانہ ہزاروں گیلن پانی چوری کرکے مہنگے داموں آئل ریفائنری کو فروخت کیا جارہا تھا۔ ذرائع کے مطابق واٹر کارپوریشن اور رینجرزکی جانب سے اس گرینڈ آپریشن کے بعد پانی مافیا میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تھانہ سکھن کی حدود ریڑھی گوٹھ کے قریب اربوں روپے مالیت کے پانی کی بڑی چوری میں صوبےکی بعض اہم شخصیات بھی ملوث ہیں اور ایف آئی آر میں ان کے ناموں کا اندراج رکوانے کےلئے متعلقہ عملے پر بھرپور دبائو ڈالا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اربوں روپے مالیت کے پانی کی چوری میں ملوث کچھ بااثر شخصیات نے یہ آپریشن رکوانے کے لیے سر توڑ کوششیں کیں، مگر وہ کام یاب نہ ہوسکے، پاکستان رینجرز سندھ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے آپریشن جاری رکھا اور پانی چوری کا تمام نظام مسمار کردیا، ہیوی مشینری کے ذریعے مسلسل کارروائی جاری ہے، جو اتوار کو مکمل ہونے کا امکان ہے۔ واٹر کارپوریشن کے چیف سیکورٹی آفیسر کرنل انجم نے جنگ کو بتایا کہ قبل ازیں مذکورہ مقام پر قریباً 2 ایکڑ کے پلاٹ پر ’’زینتھ آر او پلانٹ‘‘قائم تھا۔