کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سندھ گورنر ہائوس میں گورنرز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی سے ملاقات میں گورنرز کانفرنس کا فیصلہ کیا گیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری 7جنوری 2025 کو سندھ گورنر ہائوس میں منعقدہ گورنرز کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔
کانفرنس میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ،ملک کی ترقی و خوشحالی ، بین الصوبائی اتحاد و وفود کے تبادلوں ، پر تفصیلی گفتگو ہوگی، کانفرنس میں عوام کے لئے فلاح و بہبود کے اقدامات ، ملک کے سماجی ، معاشی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لئے گورنرز کے کردار پر مشاورت بھی ہوگی۔
دریں اثنا جمعہ کو گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، گورنر ہاؤس سندھ میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی صورتحال، مدارس رجسٹریشن، پاراچنار کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔