بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے کراچی میں صدر شاہراہ لیاقت پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاج کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔
پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جمعہ کو کراچی میں صدر شاہراہ لیاقت پر احتجاج کیا۔
ایمپریس مارکیٹ کے سامنے ہونے والے احتجاج میں خواتین بھی شامل تھیں، احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ تاہم مظاہرین عارضی طور پر منتشر ہوکر گلیوں میں چلے گئے۔
ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایمپریس مارکیٹ پر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پر امن احتجاج پر پولیس کی جانب سے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پولیس نے ایک درجن سے زیادہ کارکنوں کو گرفتار کیا ہے، انھوں نے کہا پر امن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا قانونی حق ہے۔