کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان نےتمام 20 وکٹ لے کر پاکستان کرکٹ کو آئی سی یوسے نکال لیا۔ فتح نے 44ماہ بعد پاکستانی کر کٹرز کو گلے لگالیا ،پاکستان ہوم گراؤنڈ پر 4 سال کے دوران 11 ٹیسٹ میں سے کوئی نہ جیت سکا تھا،جمعہ کو دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ ساجد خان کو ان کی تباہ کن پر فار منس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کامران غلام کی سنچری بھی یادگار رہی۔پاکستان نے دوسری اننگز میں دو ہی بولرز پر بھروسہ کیا، نعمان اور ساجد نے مسلسل 33.3 اوورز کرائے، یہ 1956 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی طویل ترین بولنگ پارٹنرشپ ہے۔ تیسرا ٹیسٹ 24اکتوبر سے پنڈی میں شروع ہوگا۔ ملتان میں انگلینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز دو وکٹ کے نقصان پر 36 رنز سے کیا لیکن ساجد خان نے ایک رن کے اضافے پر ہی اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھا دی جبکہ 18 کے انفرادی اسکور پر نعمان علی نے جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔نعمان علی نے 78 کے مجموعے پر ہیری بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ اپنا چوتھا شکار انگلش وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ کو بنایا جو 6 رن بنا کر کپتان شان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ کپتان بین اسٹوکس 37 رنز پر نعمان علی کا پانچویں شکار بنے ، انہیں رضوان نے اسٹمپڈ کیا۔ برائیڈن کارس اور جیک لیچ بھی نعمان علی سے نہ بچ سکے ۔ انگلینڈ کی آخری وکٹ بھی نعمان علی کے حصے میں آئی۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ برائیڈن کارس نے 27 اور اولی پوپ نے 22 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کےپہلی اننگز میں 366 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 75 رنز کے خسارے کے ساتھ 291 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 297 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ پر پچھلے چار سال میں 11 ٹیسٹ میں سے کوئی نہ جیت سکا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے 1959 سے 1962 میں ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 7 ٹیسٹ میچز کھیلے تھے اور کوئی ٹیسٹ نہیں جیتا تھا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2022 میں پنڈی اور کراچی ٹیسٹ ڈرا ہوئے، لاہور میں کینگروز فاتح رہے۔ پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف 2022 کے تینوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 2022 میں تینوں ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ بنگلادیش نے 2024 میں پہلا ٹیسٹ 10 اور دوسرا 6وکٹ سے جیتا۔ جبکہ انگلینڈ نے پاکستان کو رواں سیریز کا پہلا ٹیسٹ اننگز اور 47 رنز سے ہرایا تھا۔