پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے سابق کپتان بابر اعظم کا دفاع کرتے ہوئے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے محمد عامر نے ناقدین کو کرارا جواب دیا اور کہا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بات کریں لیکن ذاتیات پر نہ آئیں۔
فاسٹ بولر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس سوچ کو ختم کرو کے بابر ٹیم میں نہیں تھا یا وہ کھلاڑی نہیں تھا تو ٹیم جیت گئی۔
محمد عامر نے کہا کہ ہم بہتر حکمت عملی کے ساتھ کھیلے اور ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھایا اس لیے جیت گئے۔
انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ براہ مہربانی اپنے کھلاڑیوں کی ذاتیات پر نہ اتریں، ہاں ان کی کارکردگی پر اعتراض کریں مگر ذاتیات پر نہ آئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم سمیت نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 1 اننگز اور 47 رنز سے شکست ہوئی تھی تاہم دوسرے میچ میں پاکستان نے 152 رنز سے جیت کر 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔