گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہےکہ جسٹس یحییٰ آفریدی کی نامزدگی ملک کیلئے نیک شگون ہے، خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے فیصلے کااحترام کیا جانا چاہیے، نئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی نامزدگی سے استحکام بڑھے گا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ عدلیہ کے نام پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کا نام لے کر احتجاج کی باتیں کرنیوالوں کا ایجنڈا اور ہے، عوام کی خدمت کیلئے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کا سوچیں۔
واضح رہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے نیا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پاکستان نامزد کردیا ہے، یحییٰ آفریدی کا نام وزیر اعظم کو بھجوا دیا ہے۔
نئے چیف جسٹس کے تقرر کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوا، اجلاس کے بائیکاٹ کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان کیلٸے نشستیں موجود تھیں، اجلاس میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا کی نشستیں لگائی گئی، تمام 12 اراکین کی نیم پلیٹس بھی لگائی گئی تھیں۔
پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر، بیرسٹر علی ظفر اور سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا اجلاس میں نہیں آئے۔