• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور، آج ہی رہائی کا امکان


توشہ خانہ کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کر لی گئی جس کے بعد ان کی اڈیالہ جیل سے آج ہی رہائی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب یا گرفتار نہیں ہیں، ضمانتی مچلکے جمع ہونے اور روبکار جاری ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو آج ہی رہا کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کے وکلاء نے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

اس سے قبل آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی تھی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کر لیے تھے جبکہ آج ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے دلائل کا آغاز کیا تھا۔

آج عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فوری فیصلہ سنا دیا۔

’’آذربائیجان کے میوزیم میں بینظیر بھٹو کی تصویر نظر آئی‘‘

اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بتایا کہ آذربائیجان کے میوزیم میں بینظیر بھٹو شہید کی تصویر نظر آئی۔

عدالت میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اگر آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب کو موقع ملے تو آذربائیجان جا کر دیکھیں، وہاں ایک ایسا میوزیم ہے جہاں پر گفٹ رکھے جاتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بتایا کہ دنیا کے صدور کو جو گفٹ ملتے ہیں وہ وہاں پر رکھتے ہیں ان کی تصاویر کے ساتھ۔

انہوں نے کہا کہ یاسر عرفات کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ کے ماڈل کا تحفہ بھی وہاں موجود ہے، وہاں جانا ہوا تو ہم بھی ڈھونڈتے رہے، مجھے وہاں پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی تصویر نظر آئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بد قسمتی سے کسی اور پاکستانی حکمراں یا شخصیت کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔

قومی خبریں سے مزید