فکری گہرائی میں چھپی مزاحیہ جھلکیاں، شاندار سازوں کی پیشکش اور شیکسپئر کے مشہور کرداروں نے عالمی ثقافتی میلے کے 28ویں دن محفل لوٹ لی۔
آرٹس کونسل کراچی میں جنگ اور جیو ٹی وی کے اشتراک سے 38 روزہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘ کے 28ویں روز جرمنی اور پاکستان کے فنکاروں کی مشترکہ کاوشوں نے حاضرین کو محبت اور فن کے نئے پہلو دکھائے۔
مضحکہ خیزی کے پردے میں چھپے گہرے پیغامات، رنگا رنگ ملبوسات میں ’شیکسپئرز فول‘ برطانوی تھیٹر گروپ نے شیکسپئر کے ان کرداروں کو ثقافتی میلے میں نہایت دلکش اور منفرد انداز میں پیش کیا، جو انسان کی سادہ لوحی میں چھپے دانائی کے پہلوؤں کو اُجاگر کرتے ہیں۔
ایک طرف شیکسپئر کے مشہور جملے ڈائس سے پیش کیے گئے، جبکہ دوسری جانب اسٹیج پر بدلتی روشنیوں میں تھیٹر آرٹسٹوں نے مزاح کے ذریعے سنجیدہ موضوعات کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا۔
پھر برلن اور لاہور کے موسیقاروں نے مل کر دلکش اور مسحور کن دھنیں چھیڑیں۔
استاد اشرف شریف نے جرمن فنکاروں کے درمیان بیٹھ کر ستار سے سر نکالے، کرسٹو نے پیانو پر جادوئی انگلیوں کا استعمال کیا اور تھامس نے ڈرم پر شاندار مہارت دکھا کر مشرقی اور مغربی موسیقی کو خوبصورتی سے یکجا کیا۔
آرٹس کونسل کراچی جیو اور جنگ کے اشتراک سے 38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 29ویں دن جہاں امریکی تھیٹر گروپ کی شاندار پرفارمنس ہے تو وہیں متحدہ عرب امارات کے ثقافتی رنگ بھی نظر آئیں گے۔