کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خاتون اور بیٹی کو زخمی کرنے اور بیٹے کے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ اورنگی تھانے میں زخمی خاتون کے شوہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق میں ویلڈنگ کا کام کرتا ہوں، گزشہ روز کام پر گیا تو فون پر اطلاع ملی کہ بیوی اور بچے زخمی ہیں، اسپتال پہنچ کر معلوم ہوا کہ بیٹا جاں بحق ہو گیا جبکہ بیوی اور بیٹی زخمی ہے۔
مدعی کے مطابق زخمی بیوی نے بتایا ہے کہ میرا ماموں زاد سمیر گھر آیا تھا، اس نے اہلیہ سے زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر استری سے اہلیہ کو زخمی کر دیا، سمیر نے میرے بیٹے کے سر پر استری ماری جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 نمبر میں گھر سے خاتون سمیت 2 بچے زخمی حالت میں ملے تھے جن میں سے ایک بچہ اسپتال میں چل بسا تھا۔
تینوں افراد کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کے جسم پر چھریوں سے وار کیے گئے تھے۔