• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیراعظم کے دورے میں اہم ایم او یوز پر دستخط ہوئے، چینی سفیر

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایس سی او کا انعقاد کامیاب رہا، چینی وزیراعظم کے دورے میں متعدد اہم ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔ 

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح کیا۔ 

انھوں نے کہا ایس سی او کے موقع پر چینی وزیراعظم نے صدر، وزیراعظم، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کیں۔

چینی سفیر نے کہا چینی وزیراعظم نے آرمی چیف اور دیگر سیکیورٹی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ 

انکا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم نے ان ملاقاتوں میں چینی شہریوں کے تحفظ کی بات کی۔ چین چاہتا ہے کہ چینی شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کیفر کردار تک پہنچیں۔ 

چینی سفیر نے کہا پاکستان میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی شہری معصوم ہیں۔ چینی شہری پاکستان کی ترقی کیلئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ اس بات کو نوٹ کیا گیا کہ پاکستان میں زندگی کے تمام مکاتب فکر نے ان حملوں کی مذمت کی۔ ملاقاتوں میں چینی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑیں گے۔ 

چینی سفیر نے کہا پاکستانی رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ چینی شہریوں پر حملوں کی بھرپور تحقیقات کریں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ دہشتگردی پر قابو پانے کےلیے قربانیاں دینے والی پاکستانی فوج اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید