• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولن کا کردار کیوں نبھایا؟ خاتون نے اداکار کو تھپڑ مار دیا


خاتون نے فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے پر اداکار کو تھپڑ مارا دیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تیلگو فلم ’لو ریڈی‘ 18 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنی، فلم میں اداکار این ٹی راماسوامی نے ولن کا کردار نبھایا ہے۔

ولن کا کردار نبھانے والے راماسوامی نے ساتھیوں کے ساتھ حیدرآباد میں فلم کی اسکریننگ کی تقریب میں شرکت کی۔

فلم کی اسکریننگ تقریب کے دوران خاتون فلم بین نے لو ریڈی میں ولن کا کردار نبھانے والے اداکار پر غیر متوقع طور پر حملہ کردیا۔

خاتون نے حملہ اس وقت کیا جب فلم کی کاسٹ اسٹیج پر مداحوں سے بات چیت میں مصروف تھی اور لو ریڈی کو پسند کیے جانے پر اُن کا شکریہ ادا کررہی تھی۔

حملہ آور خاتون نے ولن کا کردار ادا کرنے والے ایکٹر کو کالر سے پکڑ کر تھپڑ مار دیا، بظاہر ایسا نظر آرہا تھا کہ وہ آن اسکرین ان کی پرفارمنس پر خفا ہوگئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب پر واقعے کی ویڈیو کو آج شیئر کیا گیا تو یہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

اس ویڈیو میں پہلے ایک منظر دکھایا گیا ہے، جو فلم سے لیا گیا ہے، جس میں ولن پتھر پہلے اپنے سر پر مارتا ہے اور پھر بیٹی کو مارتا ہے اور اس سے اظہار لاتعلقی کردیتا ہے۔

ویڈیو کے اگلے منظر میں راماسوامی فلم دیکھنے والے ہجوم میں موجود ہیں، ایسے میں خاتون اُن پر حملہ کردیتی ہے اور کالر پکڑ کر چہرے پر تھپڑ مارتی ہے اور پوچھتی ہے کہ اس نے فلم میں جوڑے کو تنگ کیوں کیا؟ اس پر فلم کے دوسرے اداکار خاتون کو یاد دلاتے ہیں کہ یہ فلم تھی۔

اس دوران فلم کے ہیرو، ہیروئن اور دیگر ٹیم ممبران نے راماسوامی کے گرد حفاظتی حصار بنالیا اور ذاتی سیکیورٹی میں انہیں عمارت سے باہر لے گئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید