• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتاح اسماعیل کی وفاق، سندھ حکومت اور ایم کیو ایم پر تنقید



عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی اور سندھ حکومت کے ساتھ ایم کیو ایم کو ہدف تنقید بنالیا۔

حیدر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم رات کے اندھیرے میں لائی گئی،حکومت نے عدلیہ کو پارلیمنٹ کے ماتحت کردیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ عدلیہ سب کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے اپنے حلقے میں کوئی اچھا پارک نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی2008 ءسے حکومت میں ہے، صوبے کا حال دیکھیں، کراچی کو چھوڑ کر سندھ بھر میں کوئی فیملی پارک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سمیت سندھ کا حال دیکھیں، سندھ کے لوگوں کو وہ ڈیلیور نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا،ہم سندھ کے اندر بڑا کام کررہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حیدرآباد میں سڑکوں، پینے کے پانی، لوڈشیڈنگ، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل ہیں، رانی باغ سمیت سارے پارک تباہ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حیدرآباد میں کسی دور میں ٹیسٹ میچ ہوا کرتے تھے، اگر ہمیں موقع ملا تو ہم پورے سندھ میں بہتر حکمرانی دیں گے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ سندھ کے شہریوں کو ان کا حق نہیں ملا،ایم کیو ایم آج کراچی سے ختم ہوچکی ہے، سب جانتے ہیں انہیں سیٹیں کیسے ملیں۔

قومی خبریں سے مزید