• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے قبضہ مافیا کو لگام دیں، نہیں تو یہ ہنر ہمیں آتا ہے، فاروق ستار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ شہری اداروں نے قبضہ مافیا کو لگام نہیں ڈالی تو یہ ہنر ہمیں آتا ہے۔

سرجانی ٹاؤن کے تحت "وژن آف فیوچر" کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ حیدرآباد کے یوتھ کنونشن کا ریکارڈ اگر کبھی ٹوٹا تو سرجانی ٹاؤن کے نوجوان توڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج صرف ٹریلر ہے، بہت جلد سرجانی ٹاؤن میں نوجوانوں کا تاریخی جلسہ ہوگا۔ ایم کیو ایم بہت جلد نوجوانوں کی تازہ دم قیادت کراچی کو دینے جارہی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے ایک بار پھر نوجوانوں کو بلدیات، صوبائی اور قومی اسمبلی میں بھیجا جائے، کراچی کی آئندہ میئر خاتون بھی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو نئے عہد سے جوڑ کر اِس قابل بنانا ہے کہ یہ شہر پُورے پاکستان کو لیڈ کرے، ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیمی اور معاشی طور پر خود مختار بنا کر دُنیا میں بھیجیں گے۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اختلاف کو پرے رکھ کر اب شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ساتھ بیٹھنا ہوگا۔ مل کر ترقی کو فروغ دینے کا عمل شروع کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن میں قبضہ مافیا بھی ہوش کے ناخن لے، شہری اداروں نے اگر قبضہ مافیا کو لگام نہیں ڈالی تو یہ ہُنر ہمیں آتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید