فرانس میں پاکستانی سفارتخانے نے آج کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام جموں و کشمیر کے تنازعہ کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیری عوام کےلیے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک تھا، اس دن سے شروع ہونے والے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے نے کشمیریوں کی اپنی تقدیر خود طے کرنے کی جائز امنگوں کو دبایا اور انہیں کئی دہائیوں تک انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور 5 اگست 2019 سے جاری سنگین مظالم نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے اور کشمیری عوام کو مکمل طور پر الگ کر دیا ہے جو قابض طاقت کی طرف سے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کے لیے متحد تھے۔ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے مسلسل جبری قبضے اور بربریت کے ذریعے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مقدمہ مضبوط سیاسی، قانونی اور اخلاقی بنیادوں پر کھڑا ہے اور پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے منصفانہ مقصد کے حصول کے لیے ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے چھوٹی صنعت و تجارت کوثر تقدیس گیلانی نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں تمام کشمیریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی کہ وہ اکٹھے ہوکر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ میں مدد کےلیے پالیسی مرتب کرے۔
مقررین نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے معصوم کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کے خلاف انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
پاکستانی تارکین وطن کی نمائندگی کرنے والے افراد، کشمیریوں، ماہرین تعلیم، صحافیوں اور دیگر معزز مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی سات دہائیوں کی طویل جائز جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔