• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تقویٰ ہر مسلمان کیلئے سرمایہ حیات ہے، پیر حبیب الرحمٰن محبوبی

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) الجامعہ صفۃ الاسلام کے امیر فضلیت الشیخ پیر محمد حبیب الرحمن محبوبی نے کہا ہے کہ تقویٰ اختیار کرنا ہر مسلمان کے لیے سرمایہ حیات ہے۔ بالخصوص رمضان المبارک میں جس طرح دن رات عبادات، رکوع و سجود اور قرآن پاک کی تلاوت میں وقت گزرا، بڑھ چڑھ کر صدقات دے کر اخوت محبت اور بھائی چارے کا جو جو عملی نمونہ پیش کیا گیا اس کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ رمضان المبارک کے پورے ماہ میں جس عملی پریکٹس سے ہم گزرے ہیں اس کو جاری رکھتے ہوئے اپنی خطائوں اور گناہوں سے تائب ہوکر اللہ کی وحدانیت پر ایک ہوکر ہم دوسری تہذیبوں کے لیے ایک عظیم مثال بن سکتے ہیں اور دنیا کے سامنے ایک بہترین قوم کے طور پر جانے جاسکتے ہیں۔ وہ ماہانہ گیارہویں شریف کے موقع پر تقویٰ کے موضوع پر صدارتی خطاب کررہے تھے۔ سلسلہ گولڈن چین کا ذکر کرتے ہوئے پیر حبیب نے کہا کہ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ سے وابستہ معروف روحانی پیشوا خواجہ معصوم سرہندی جو حضرت مجدد الف ثانیؒ کے فرزند اور جانشین ہیں، وہ اتباع سنت اور عمل کے سلسلے میں مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کا عملی نمونہ تھے، انہوں نے سادہ طرز زندگی کو ترجیح دی، اس کے باوجود وقت کے شہنشاہ آپ کی رفاقت کی تمنا کرتے رہے، ہزاروں خلفا اور لاکھوں مرید تھے جنہوں نے آپؒ کے مشن کو آگے بڑھایا، اللہ کی وحدانیت کو پوری دنیا میں پھیلایا۔ تقریب سے صاحبزادہ اسرار الحق اویسی، مولانا عبدالغفور چشتی، مولانا ظفر محمود فراشوی، مولانا دلشاد حسین القادری، پیر سید شعیب حسین شاہ، مولانا قاسم سعدی، حافظ طارق محمود ربانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے تقویٰ کو انسان کی ہدایت اور انسان کی زندگی کی ہدایت کا محور و مرکز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تقویٰ نہ صرف ایک انسان کی صفت ہے بلکہ اجتماعی امت و قوم کی صفت ہے، رمضان المبارک میں قرآن پاک کا نزول ہوا، قرآن پاک اور تقویٰ کا خاص ربط ہے، یہی وجہ ہے کہ قرآن پاک میں سیکڑوںآیات تقویٰ کے موضوع پر نازل ہوئیں جس میں پُرزور انداز میں خالق کائنات نے بندوں سے تقویٰ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ علما نے کہا کہ تقویٰ انسان کو شرک، کبیرہ گناہ اور بے حیائی کے کاموں سے بچاتا ہے اور یہی باتیں روزہ دار پر لاگو ہوتی ہیں، روزے دار بھی گناہوں سے بچا رہتا ہے، اپنی خواہشات نفسانی کو کچل دیتا ہے، رمضان المبارک کے پورے مہینے کی پریکٹس دراصل تقویٰ اختیار کرنے کے لیے ہے تاکہ باقی گیارہ مہینوں میں انسان گناہ سے بچا رہے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں عقیدت مندوں نے مختلف شہروں سے شرکت کی۔ الجامعہ صفۃ الاسلام کے سکالر نے انگریزی میں خطابات کے علاوہ الرضا گروپ نے نعتوں کے نذرانے پیش کیے۔ آخر میں امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین