• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہوٹہ میں چٹان کے سوراخ میں پھنسے بچے کو نکال لیا گیا



راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں چٹان کے سوراخ میں پھنسنے والے بچے کو نکال لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچے کو ریسکیو، پولیس اور مقامی افراد کی مدد سے پتھر سے نکالا گیا، بچے کی حالت بہتر ہے۔

ریسکیو ٹیموں کو کہوٹہ اور راولپنڈی سے جائے وقوعہ پر پہنچایا گیا تھا، بچہ بکریاں چراتے ہوئے چٹان میں پھنسا تھا جہاں ریسکیو 1122 نے آپریشن کیا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی عمر 12 سال تھی اور وہ جھمیترا گاؤں کا رہائشی ہے، روڈ کافی دور ہونے کی وجہ سے ریسیکو کی گاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں تھی۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ریسکیو اہلکار آلات اٹھائے کئی کلومیٹر پہاڑوں پر چل کر جائے وقوعہ پر پہنچے اور پھنسے ہوئے بچے کو ڈرپ لگائی گئی اور اسے باہر نکالنے کے لیے پتھر توڑنے کا کام بھی کیا گیا۔

بعدازاں بچے نے بتایا کہ میں کل اپنی بکریاں لے کر یہاں آیا تھا، مجھے پتہ نہیں تھا، میں کل دن 11 بچے پتھر میں پھنس گیا تھا۔

بچے نے کہا کہ ریسکیو والے کل شام کو پہنچے تھے اور رات کو میرے ساتھ ہی موجود تھے، میں بالکل ٹھیک ہوں اور چل سکتا ہوں۔