کراچی سے مسافر طیارہ سڑک کے راستے حیدرآباد منتقل کردیا گیا، خصوصی ٹرک اور ٹرالی میں ناکارہ بوئنگ 737 کو حیدرآباد لے جایا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اس دوران کراچی حیدرآباد موٹروے پر ٹریفک بھی معمول کے مطابق چلتی رہی، موٹر وے کو کسی بھی جگہ بلاک نہیں کیا گیا۔
رات گئے مسافر بردار طیارے کی موٹر وے کے راستے منتقلی موٹر وے پولیس نے روک دی تھی۔
ذرائع کے مطابق طیارے کو سڑک کے راستے ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کا یہ ملکی تاریخ کا پہلا آپریشن ہے، طیارے کی منتقلی کےلیے خصوصی ٹرک اور ٹرالی استعمال کی گئی۔
شاہین ایئر لائن کے ناکارہ بوئنگ 737 جہاز کی لمبائی 110 فٹ اور وزن 40 ٹن ہے، جس میں 240 لوگوں کے سفر کی گنجائش ہے، اسے 350 فٹ لمبائی کے 10 ویلر ٹریلر پر لوڈ کرکے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔
طیارے کو حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں رکھا جائے گا، جہاں اسے فائر فائٹرز کی تربیت کےلیے استعمال کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر سول ایوی ایشن سمیر سعید کا کہنا ہے کہ جہاز تربیتی مقاصد کےلیے انسٹیٹیوٹ لایا جا رہا ہے، جہاں فائر فائٹرز کو جہاز میں پھنسے مسافروں کے ہنگامی انخلاء کی تربیت دی جائے گی۔