سوشل میڈیا کے متعدد پلیٹ فارمز پر اس وقت ایک ویڈیو وائرل ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی نوجوان خاتون طلاق کا جشن کیک اور دلہن کی اوڑھنی کاٹ کر منا رہی ہے۔
ویڈیو میں ایک خاتون کو اپنی طلاق کی خوشی میں جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کے عقب میں اور گلابی دل کی شکل والے کیک پر بھی بڑا بڑا ’ہیپی ڈیوورس‘ لکھا ہوا ہے، جبکہ خاتون چند تصاویر بھی پھاڑ رہی ہے جو ممکنہ طور پر اس کے سابقہ شوہر کی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں موجود نوجوان خاتون کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق پاکستان سے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، البتہ مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے۔
ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفین ملے جلے تاثرات پیش کر رہے ہیں، بعض کے مطابق خاتون کو اپنی آزادی منانے کا پورا حق ہے جبکہ بیشتر صارفین اس بات پر غصے میں ہیں کہ خاتون شادی جیسے مقدس رشتے کا تقدس پامال کر رہی ہے۔
صارفین کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھ رہے ہیں کہ اگر شادی شدہ زندگی اچھی نہیں تھی تب بھی طلاق ایک انتہائی تکلیف دہ تجربہ ہے اور اس پر اس طرح جشن نہیں منانا چاہیے بلکہ اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ہے کہ طلاق اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ جائز عمل ہے اور اس نے اس پر خوشی مناکر شاید اللّٰہ تعالیٰ کی نافرمانی کی ہے۔