• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل کراچی نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی روایت کو برقرار رکھا ہوا ہے، محمد احمد شاہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 17 روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول 2024ء“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی روایت کو برقرار رکھا ہوا ہے۔

پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیا گیا جس میں معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سینئر اداکار و نائب صدر آرٹس کونسل منور سعید اور سیکریٹری اعجاز فاروقی نے بریفنگ دی۔

چیئرمین ڈرامہ کمیٹی و سینئر اداکار سید شہزاد رضا نقوی، اسجد بخاری، اقبال لطیف، پرویز صدیقی، سلیم آفریدی، آدم راٹھور اور شکیل شاہ سمیت بڑی تعداد میں فنکاروں نے پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

اس موقع پر معروف دانشور انور مقصود نے کہا کہ سندھ جن حالات سے گزر رہا ہے ایسے میں اتنے بڑے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کا ہونا خوش آئند بات ہے، لیاقت سولجر اور شہزاد نقوی کے شوز بھی میں نے دیکھے ہیں، عوامی تھیٹر دیکھنے والی مخصوص عوام ہے جس کے آگے دنیا کے بڑے سے بڑا اداکار آجائے مگر اس کی بات ہی کچھ الگ ہے۔ آرٹس کونسل کی ٹیم بہت محنت سے کام کر رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ تھیٹر میں اسکرپٹ پر خاص توجہ دینا چاہیے، کامیابی تو پہلے سے ہی آرہی ہے، جتنے مقبول آپ لوگ ہیں، ہال تو ویسے ہی بھر جائے گا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کی افتتاحی تقریب 8 نومبر جمعہ کو منعقد کی جائے گی۔ ہم نے گزشتہ دنوں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا فیسٹیول کیا ہے، جس میں کوسووو اور فلسطین کا تھیٹر تھا۔ فزیکل تھیٹر ہوا، ہم نے میوزک اور ڈانس کے لوگوں کو جمع کیا، ہم فیسٹیول تو کرتے آئے ہیں مگر میں سمجھتا ہوں ورلڈ کلچر فیسٹیول ہماری بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پورا سال دنیا بھر کے تھیٹر اور میوزک ڈائریکٹر آرٹس کونسل میں ورکشاپ کریں گے جس سے بچوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

انکا کہنا تھا کہ یہ ہمارے بچے ہیں، سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، مرتے دم تک یہ سفر جاری رہتا ہے۔ جو یہ سوچتا ہے کہ اسے سب کچھ آتا ہے وہ سب سے بڑا جاہل ہے۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ اگلے برس اکتوبر میں شاندار فیسٹیول کریں گے، میں آج تھیٹر کی تاریخ کو ساتھ لے کر آیا ہوں۔ عوامی تھیٹر فیسٹیول ایک روایت ہے جس کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے جاری رکھا ہوا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ انور مقصود ہمارے ملک کی ادبی شخصیت ہیں، انہیں بھی تھیٹر سے بڑا لگاﺅ ہے۔ منور سعید بھی برسوں سے تھیٹر کر رہے ہیں۔

محمد احمد شاہ نے بتایا کہ انور مقصود بہت جلد ڈسٹرکٹ سینٹرل آرٹس کونسل میں خواجہ معین الدین ہال کا افتتاح کریں گے۔

اس موقع پر سینئر اداکار و نائب صدر منور سعید نے کہا کہ میرا ڈرامہ مرزا اینڈ سنز بہت مقبول ہوا، قوی نے میرے بیٹے کا کردار ادا کیا، قوی کمال کے اداکار تھے۔

انکا کہنا تھا کہ تھیٹر سے میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا پھر ریڈیو، ٹی وی اور فلم میں کام کیا۔ تھیٹر سے اچھی ٹریننگ کہیں اور نہیں مل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل عوامی تھیٹر فیسٹیول کر رہے ہیں اللّٰہ آپ کو کامیاب کرے، اتنے لوگوں کے سامنے پرفارم کرنا آسان بات نہیں۔ تھیٹر اداکاری بڑی ذمہ داری کا کام ہے، بہت سمجھ داری سے اسٹیج پر اداکاری کرنا ہوتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ آج کے سیکھنے والوں سے کہنا چاہوں گا کہ بہت ذمہ داری اور احتیاط سے تھیٹر میں کام کرو، اس کے بعد آپ جہاں بھی کام کریں گے کامیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ 8 نومبر کو شروع ہونے والا 17روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول “ 24 نومبر تک جاری رہے گا جس میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف زبانوں میں تھیٹر ہوگا۔ ڈرامہ رات 8 بجے پیش کیا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید