• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مؤلف: محمّد اجمل خان

صفحات: جِلد اوّل، 297، جِلد دوم 308

قیمت/ ناشر: درج نہیں

فون نمبر: 0336-3780896 - 0336

کتاب کی وجۂ تالیف یہ بتائی گئی ہے کہ’’ساٹھ سال کی عُمر کو پہنچتے ہی طرح طرح کے عوارض نے گھیر لیا اورموت سر پر کھڑی نظر آنے لگی۔ ایسے میں زندگی کے باقی ماندہ ایّام کو بابرکت بنانے کی فکر لاحق ہوئی اور اِس موضوع پر کسی کتاب کی طلب نے دل میں انگڑائی لی، لیکن تلاشِ بسیار کے باوجود کوئی کتاب نہیں ملی۔ 

پھر اِس موضوع پر خود ہی لکھنا شروع کیا۔‘‘جِلد اوّل کے پہلے باب میں ’’بڑھاپے کا قرآنی تصوّر‘‘ کے ذیل میں مؤلف نے اپنی معروضات پیش کی ہیں، جب کہ دوسرے باب میں’’ بابرکت و باسعادت بڑھاپے کی تیاری‘‘ کے لیے قرآن و سُنّت کی روشنی میں ایک لائحۂ عمل پیش کیا گیا ہے، جو نوجوانوں سے متعلق ہے۔ بعد کے ابواب میں نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ وغیرہ کی تفصیلات ہیں، جب کہ بڑھاپے کو مذہبی نقطۂ نگاہ سے بہتر بنانے سے متعلق بھی چند مضامین ہیں۔

دوسری جِلد میں بڑھاپے میں علم کے حصول، شُکر گزاری، توبہ و استغفار، قرض سے بچنے، دنیا پرستی سے دُوری اور فکرِ آخرت سے متعلق مواد ہے۔ نیز، بڑھتی عُمر کے مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی کافی تجاویز اور احتیاطی تدابیر بیان کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں، فاضل مؤلف نے موت کی تیاری کے ضمن میں بھی کئی مضامین قلم بند کیے ہیں۔ کتاب بہت سلیقے سے شایع کی گئی ہے، جب کہ قرآنی آیات اور دیگر عربی عبارتوں پر اعراب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اپنے موضوع پر یہ ایک اچھی کتاب ہے۔