بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بانیٔ تحریکِ انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، انہوں نے کمیٹی کے نام منظرِ عام پر لانے سے انکار کر دیا ہے۔
اس حوالے سے فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہو گا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہو گا۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ احتجاج تب تک ختم نہیں ہو گا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے، بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ نکلے گی۔
فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ ساری پارٹی کو پتہ ہے کہ کس نے کیا کرنا ہے، احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہو گا، بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاہم نام نہیں بتاؤں گا، کیونکہ پھر انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے۔