• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی 20، بارش کے بعد میکسویل کی گھن گرج، آسٹریلیا کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تینوں ون ڈے میچوں میں ناکام رہنے والے گلین میکس ویل بارش کے بعد خوب گرجے برسے، انہوں نے19گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 43برق رفتار رنز بناکر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کوجیت دلادی ۔ برسبین میں کینگروز نے بارش سے متاثرہ میچ با آسانی29رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ میکسویل پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان کے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوئے ۔ 16 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔ سات اوورز کے میچ میں پاکستانی بولروں نے چار وکٹ پر93 رنز دے دیے ۔ فاسٹ بولر عباس آفریدی 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ حارث رؤف نے 21 اور نسیم شاہ نے 37 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم سات اوورز میں9 وکٹ پر64 رنز بناسکی۔ رضوان ،عرفان خان اور نسیم شاہ صفر ، بابر اعظم تین عثمان خان اور سلمان علی آغا چار، چار پر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے بارش سے متاثرہ ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کا ٹاس بھی تقریباً تین گھنٹے کی تاخیر سے ہوا۔ پاکستانی اننگز کا آغاز کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ پہلے اوور کی پہلی دو گیندوں پر چوکے لگانے کے بعد صاحبزادہ فرحان فاسٹ بولر اسپینسر جونسن کا شکار بنے ۔ دوسرے اوور میں محمد رضوان آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم اور عثمان خان بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے ۔ حسیب اللہ خان 12، عباس آفریدی 20 ناٹ آؤٹ اور شاہین شاہ آفریدی نے 11 رنز بنائے۔ نیتھن ایلس اور زیویئر بارٹلیٹ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں دو ایک سے شکست دے کر 22 سال بعد ان ہی سر زمین پر سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ آسٹریلیا میں ایشیا کی کامیاب ترین ٹیم بھی بن گئی ہے۔

اسپورٹس سے مزید